سوال :ستر کسے کہتے ہیں

جواب :جسم کے جس حصے کا ڈھانکنا لازمی اور ضروری ہے اسے ستر کہتے ہیں۔

سوال :مرد کی ستر کیا ہے؟

جواب :ناف سے لے کر گھٹنے تک مرد کی ستر ہے ۔جس کا پردہ کرنا ضروری ہے ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اپنی ران نہ کھولو، نہ کسی زندہ یا مردہ کی ران دیکھو ۔

سوال :عورت کی ستر کیا ہے؟

جواب :چہرے اور دونوں ہاتھوں کو چھوڑ کر پورا جسم پاؤں سمیت ڈھانکنا عورت کی ستر میں ہے۔ صرف دوران نماز عورت اپنے چہرے اور ہاتھوں کو کھولے گی۔ نماز کے علاوہ ڈھکے ہونے چاہیے۔

سوال :کیا نماز میں عورت کے لئے دوپٹہ اوڑھنا ضروری ہے؟

جواب :جی ہاں بالکل بالغ عورت کی نماز چادر یا موٹے دوپٹے کے بغیر نہیں ہوتی ۔

سوال :کیا نماز میں مردوں کو ٹخنوں کا کھلا رکھنا ضروری ہے؟

جواب :جی ہاں جو شخص تہ بند ٹخنوں کے نیچے لٹکا کر نماز پڑھتا ہے۔ اس کی نماز قبول اللہ تعالی قبول نہیں فرماتا۔ اور مردوں پر تو ہر وقت پجامہ ،شلوار، یا تہ بند کو ٹخنوں سے نیچے لٹکانے کی سخت ممانعت ہے ۔

سوال :مساجد بنانے اور ان کے آداب کے بارے میں کیا حکم ہے ؟

جواب :مساجد بنانے انہیں صاف اور خوشبودار رکھنے کا حکم ہے۔

سوال :کیا نقش و نگار والے مصلے پر نماز نہیں پڑھنی چاہیے؟

جواب :بیل بوٹے یا نقش و نگار والے مصلے پر نماز نہیں پڑھنی چاہیے۔

سوال :اللہ تعالی کے نزدیک ایک بہترین جگہ اور بدترین جگہ کون سی ہے؟

جواب :اللہ تعالی کے نزدیک بہترین جگہ مساجد اور بد ترین مقامات بازار ہیں۔

سوال :کیا بدبو دار چیز کھا کر مسجد میں آ سکتے ہیں؟

جواب :مسجد میں آنے سے پہلے منہ صاف کرنا چاہیے، نیز کچا لہسن کچا پیاز تمباکو اور سگریٹ پی کر مسجد میں نہیں آنا چاہیے اسی طرح جو حضرات آٹھ دس گھنٹے موزے پہنے رہتے ہیں اور جن کے پسینے کی بدبو آتی ہے ایسے حضرات کو فورا جا نمازوں پر نہیں جانا چاہیے۔ کہ اس میں بدبو سرایت کر جاتی ہے۔ جو دیگر نمازیوں کے لئے تکلیف کا سبب ہوتی ہے۔ قرآن کہتا ہے کہ جو لوگ بلاوجہ مسلمان مردوں اور عورتوں کو تکلیف پہنچاتے ہیں ۔وہ صریح گناہ کا بوجھ اٹھاتے ہیں ۔

سوال :کیا مساجد میں کاروباری اور دوسرے دنیاوی معاملات کی گفتگو کی جا سکتی ہے ؟

جواب :جی نہیں کاروباری اور دوسرے دنیاوی معاملات کی گفتگو مسجد میں جائز نہیں ۔

سوال :کیا نماز ادا کرنے کے لیے کسی خاص جگہ کا ہونا ضروری ہے ؟

جواب :ساری زمین رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کے لئے مسجد بنائی گئی ہے ۔صرف جگہ کا پاک ہونا شرط ہے۔ اگر کوئی شرعی عزر نہ ہو تو مردوں کو فرض نماز مسجد میں ادا کرنا واجب ہے ۔