وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق عوام کے لئے گرینڈ ریلیف پیکیج تیار کرلیا گیا ہے۔ چينی پر جی ایس ٹی میں پانچ سے آٹھ فیصد تک کمی کرنے کی تیاری کی گئی ہے اسٹیٹ بینک کی پالیسی ریٹ 13.25 فیصد میں کمی لانے کی تياری مکمل کر لی گئی ہے ۔
اس کے علاوہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں عوام کو بڑا ریلیف دینے کی تیاریاں جاری ہیں رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پٹرول 27 اور ڈیزل 30 روپے سستا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ تاہم انہیں وزارت خزانہ اور ایف بی آر نے قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ سے آگاہ کیا۔ جس کے بعد امکان ظاہرکیاجارہاہے کہ عوام کو پیٹرولیم مصنوعات پر 8 سے 15 روپے کا ریلیف مل سکتا ہے۔
علاوہ ازیں گیس ٹیرف کی قیمت کے مد میں 70 ارب روپے ریلیف دینے کی تیاریاں کر لی گئی ہيں۔ بجلی ٹیرف میں 70 ارب روپے کا ریلیف دینے کی تیاریاں کر لی گئی ہيں۔
وزیراعظم نے وزارت خزانہ کی مخالفت کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے وزیراعظم نے مہنگائی کے ستائے عوام پر 160 ارب کا بوجھ کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گرينڈ ریلیف پیکیج کی حتمی منظوری آئندہ ہفتے دی جائےگی
خيال رہے کہ اس سے قبل وزيرا عظم پاکستان عمران خان نے پٹرول ، ڈيزل، گيس کی قيمتوں ميں کمی کرنے کی ہدايت کی تھی۔
سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے وزیراعظم نے پٹرول ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں کمی کا روڈ میپ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے عوام کے دکھوں کا مداوا اور ان کے لیے ریلیف کی فراہمی ہمارا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کے حوالے سے ماضی کی حکومتوں کے فیصلوں کے بوجھ پاکستان کے عوام نے اپنے کندھوں پر اٹھائے ہوئے ہیں